ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آندھرا پردیش میں شدید بارش کے نتیجے میں اننت پور کے رہائشی علاقے زیر آب، لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور

آندھرا پردیش میں شدید بارش کے نتیجے میں اننت پور کے رہائشی علاقے زیر آب، لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور

Wed, 23 Oct 2024 11:45:44    S.O. News Service

اننت پور، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  آندھرا پردیش کے اننت پور میں شدید بارش کے بعد سیلابی حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ 21 اکتوبر کی رات اننت پور شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں زوردار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی رہائشی علاقے زیر آب آ گئے۔ لوگوں کو اپنی حفاظت کے لئے گھروں کی چھتوں پر پناہ لینی پڑی۔ حیدرآباد-بنگلورو قومی شاہراہ 44 پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے، کیونکہ پینو کونڈا کے مقام پر بارش کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے۔ اس صورتحال نے مقامی لوگوں کے لئے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

اننت پور میں پیر کی رات قریب 11 بجے شروع ہوئی بارش 22 اکتوبر صبح تک جاری رہی۔ یہاں کے باہری علاقے میں پنڈامیرو نالا اُپھان پر آ گیا، جس سے شہر کے کئی حصے زیر آب ہو گئے۔ اننت پور کے نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پینو کونڈا کے گٹور میں بارش کا پانی ہائی وے پر بہہ گیا اور کچھ گھنٹوں کے لیے آمد و رفت ٹھپ رہی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حالات پر نظر رکھنا شروع کیا گیا۔ کناگن پلّے میں مکتا پور ٹینک سے بہتا پانی ہائی وے پر پہنچ گیا اور ایک مقامی پٹرول فلنگ اسٹیشن میں داخل ہو گیا۔ اننت پور کے علاوہ ستیہ سائیں ضلع میں بھاری بارش کے سبب کئی نچلے علاقے زیر آب ہیں۔ کنگنی پلّی آبپاشی ٹینک کے ٹوٹنے کی وجہ سے سڑک پر پانی بھر جانے کے بعد مکتاپورم کے پاس شاہراہ پر دو کلومیٹر سے زیادہ لمبا ٹریفک جام ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق مکتاپورم کے پاس ایک فیول اسٹیشن کئی گھنٹوں تک سیلاب کے پانی میں ڈوبا رہا۔ اچانک بادل پھٹنے سے اننت پور شہر کی کئی کالونیاں زیر آب ہو گئیں، جن میں آٹو نگر، ٹی وی ٹاور، چنمے نگر، آر ڈی ٹی اسٹیڈیم علاقہ، نارا لوکیش کالونی اور اُپاراپلّی جگنّا کالونی شامل ہیں۔ کچھ مقامات پر جب آبی سطح میں اضافہ ہونے لگا تو لوگوں نے اپنے گھر خالی کر دیے اور محفوظ مقامات کی راہ اختیار کی۔


Share: